Education for PeaceUrduYouths for Peace

Prof Akhtarul Wasey: پیغمبر اسلام محمدﷺ غار حرا سے سوئے قوم نماز روزہ حج زکوٰة نہیں بلکہ اقرأ کا حکم نامہ لے کر آئے

بلند شہر کے نمایاں طلبا کو ڈاکٹر مہتاب عالم خان ایوارڈ سے نوازا گیا

مقابلہ جاتی امتحانات ومختلف درجات کے ممتاز طلبا کی اعزازی تقریب سے پروفیسر اختر الواسع کا خطاب

          بلند شہر ، 14 ستمبر 2019

جونیئر سے لے کر ہائی اسکول انٹر گریجویٹ ، پی سی ایس میں امتیازی پوزیشن حال کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے آل انڈیا یوتھ کنونشن کے زیر اہتمام ایک پروقار اعزازی تقریب کا انعقاد مقامی کلاسک ہوٹل میں کیا گیا۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر انجینئر لیاقت علی کی سرپرستی اور ڈاکٹر محمد فاضل ڈی پی ایس کی نظامت میں اس تقریب کی صدارت سینٹ مومنہ اسکول کے منیجر شاہ فیصل نے کی۔ اس موقع پر مقابلہ جاتی امتحانات اور مختلف درجات میں امتیازی حیثیت کے حامل ضلع بھر کے اسکول اور کالجوں کے ہونہار اور امتیازی نمبرات سے کامیاب طلبہ و طالبات کو ڈاکٹر مہتاب عالم خان ایوارڈ اور سرٹیفکٹ سے تقریباً 60منتخب طلبہ کو نوازا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام اور نعت رسول ﷺ سے ہوا۔ تقریب کے کنوینر ڈاکٹر فاضل نے مہمانوں اور شرکاء کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے پروگرام کی غرض و غایت اورمقصد بتایا ۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کے اندر چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے ترقی کے منزلوں پر گامزن کرنا ہی اس پروگرام کا مقصد ہے۔ اس تقریب میں خصوصی طور پر ڈاکٹر فاضل کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ اور ڈاکٹر ارشاد علی سیانوی کو فخراردو ایوارڈ اور توصیفی سند سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر قاری محمد طلحہ قاسمی ناظم اعلی جامعہ فاروقیہ نے مرحوم ڈاکٹر مہتاب عالم کی حیات اور ملی ،دینی ،تعلیمی اور سماجی خدمات پر مبنی مقالہ پیش کیا۔

ڈاکٹر ظہیر احمد خان اور ماسٹر اجلال احمد خان نے مہمان خصوصی اور مہمان ذی وقار کا شاندار تعارف پیش کیا۔ ڈاکٹر ارشاد احمد شرر نے منظوم استقبالیہ پیش کیا۔ چند منتخب طلبہ نے بھی مختلف پروگرامس پیش کئے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر اختر الواسع وائس چانسلر مولانا آزادیونیور سٹی ، راجستھان نے اس پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ بہتر نمبرات سے کامیاب ہونے والے اور اپنے اپنے اسکولوں کی نمائندگی کرنے والے طلبہ قوم کے سرمایہ حیات اور معاشرے کے روشن مستقبل ہیں۔ ان کی کارکردگی پر فخرکرنے کے ساتھ ان کی ہمت افزائی کرنی چاہیے، تاکہ یہ مزید محنت سے اعلی تعلیم حاصل کرکے قوم کے مستقبل کو تابناک بنائے۔انھوں نے کہا کہ مسابقت کے اس دور میں ذہین طلبہ ہی آگے بڑھ سکتے ہیں، لہذا وہ اپنے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کی بھرپورکوشش کرے۔انھوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کے اندر قابلیت اور صلاحیت موجود ہے تو آگے کی منزلیں حاصل کرنے سے انھیں کوئی نہیں روک سکتا، بشرط کہ آپ ذہنی طور پر اس کے لیے آمادہ ہوں۔ پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ قوم و ملک کی فلاح و ترقی کا راز تعلیم ہی مضمر ہے۔ روشن مستقبل کے لیے تعلیم کا حصول لا زمی امر ہے۔ آپ نے یاد دلایا کہ جب پیغمبر اسلام محمدﷺ غار حرا سے سوئے قوم تو نماز روزہ حج زکوٰة نہیں بلکہ اقرا کا حکم نامہ لے کر آئے تھے۔

          اپنے صدارتی خطاب میں سینٹ مومنہ اسکول کے منیجر شاہ فیصل نے طلبہ کے لیے اعزازی تقریب پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کو تعلیمی بیداری اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا مظہر قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے ہونہار طلبہ نے اپنی محنتوں سے یہ بتلا دیا کہ قوم و ملک کا مستقبل روشن ہے۔ اس موقع پر مختلف اسکول اور مدارس کے انتظامیہ سے متعلق افراد ، پرنسل صاحبان ،مختلف شخصیات ،اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ اور ان کے سرپرست نیز بہی خواہان اور تعلیمی افراد اور نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

          اس موقع پر بابوخورشیدعالم،پرویز عالم خان، ممتاز موسی،راشد علی خان،حاجی جاوید غازی،سید ہارون کرمانی ،حافظ شکیل احمد، عبدالعلی، جانشین الطاف قاضی اور عقیل احمد نے بھی شرکت کی۔ انجینئر لیاقت علی نے اظہار تشکر پیش کیا ۔ تقریب کے اختتام پر سینٹ مومنہ اسکول کے طلبہ نے علی گڑھ مسلم یونیور سٹی کا مقبول ترانہ اور قومی گیت پیش کیا۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

CAPTCHA ImageChange Image

Back to top button
Translate »