Urdu

ڈرامہ سیریل “مقاماتِ عشق”: ابن عربی کے فلسفہ محبت کو پیش کرنے والی سیریز

WordForPeace.com

مقاماتِ عشق” کو محمد البطوش نے تحریر کیا ہے، گذشتہ برس رمضان میں انہیں کے تحریر کردہ ڈرامے “سمرقند” نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑے تھے۔” معروف شامی اداکارہ نسرین طافش اس میں قصہ گو کا کردار ادا کر رہی ہیں اور سیریل کے شروع میں ابن عربی کے اشعار کی گائیکی بھی انہیں کی ہے جسے موسیقار طاہر ماملی نے کمپوز کیا ہے۔ اس سیریل میں عرب دنیا کی معروف صوفی بزرگ شیخ ابن عربی کی زندگی، ان کا فلسفہ اور تصوف پیش کیا گیا ہے، سلطان العارفین ابن عربی کو الشیخ الاکبر کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ محمد البطوش نے تین سال تک الشیخ الاکبر ابن عربی کی تصانیف کا مطالعہ کر کے ان کی زندگی اور فلسفے پر “مقامات عشق” کے نام سے یہ سیریل تیار کیا ہے اور یہ ایسے وقت میں امارات ٹی وی سے ٹیلی کاسٹ کیا جا رہا ہے جب امارات میں سال 2019 کو رواداری کے سال کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس سیریل کا مقصد بھی عوام میں ابن عربی کے فلسفہ محبت و عشق کو پیش کر کے سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

اس سے یہ بھی عیاں ہوتا ہے کہ عرب ممالک ایک عرصہ تک وہابی اسلام کو فروغ دینے کے بعد اب اس سے دست بردار ہو رہے ہیں اور صوفی اسلام کی ترویج کے لیے ہر فورم استعمال کر رہے ہیں۔ سید قطب و مولانا ابوالاعلیٰ مودودی جیسے مفکرین جنہیں ان کی دینی خدمات پر پہلے اسلامی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ سے نوازا گیا حال ہی میں رجعت قہقری اختیار کرتے ہوئے انہیں دہشتگرد قرار دے کر ان کی تصنیفات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اور ان کی بجائے ابن عربی کے فلسفے کو فروغ دیا جا رہا ہے جنہیں عرب علما ایک مدت تک زندیق اور گم راہ قرار دیتے رہے۔

عرب دنیا کے ٹی وی چینلز اس بات پر داد کے مستحق ہیں کہ ان کے پروگرام ہماری طرح بے ہنگم نہیں ہوتے کہ کچھ پتا ہی نہ چل رہا ہو کہ ڈرامے کا مقصد کیا ہے؟ اور اگر کوئی مقصد ہے بھی تو اتنا معمولی یا سطحی کہ جو اس قدر سرمائے اور وقت کا بالکل بھی مستحق نہیں ہوتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارا میڈیا بھی اس باب میں عرب میڈیا سے کچھ سیکھے۔ اگر اس پائے کے پروگرام خود نہیں تیار کر سکتا تو مذکورہ سیریل جیسے مفید پروگراموں کا ترجمہ کروا کر ان کی ڈبنگ نشر کرے۔ 

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Translate »